ریاض، 30/نومبر (آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب نے دبئی نمائش 2020ء میں اپنے پویلین کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔
دبئی کے جنوب میں واقع نمائش گاہ پر سعودی عرب کے پویلین کی تعمیر کا آغاز فروری 2019ء میں ہوا تھا اور اتوار کو سعودی حکام نے کہا ہے کہ یہ 2021ء میں منعقد ہونے والی تاریخی عالمی نمائش کے لیے تیار ہے۔عرب خطے میں یہ پہلی عالمی نمائش ہوگی۔
سعودی عرب کا پویلین میزبان متحدہ عرب امارات کے بعد حجم میں دوسرے نمبر پر ہے۔اس کا کل رقبہ 13069 مربع میٹر ہے اور یہ فٹ بال کے دو میدانوں کے برابر ہے۔
سعودی پویلین کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پویلین مملکت کی تاریخی روایات اور روشن مستقبل کی عکاس جدتوں کے حسین امتزاج کا نمونہ پیش کرے گا۔اس کی چھے منزلوں میں سعودی عرب کے عظیم توانا تاریخی ورثے ، ثقافت ،قدرتی عجائبات اورترقی کے بے پایاں مواقع کی عکاسی کی جائے گی۔
پویلین کو ماحول دوست بنایا گیا ہے اور اس کو بجلی مہیا کرنے کے لیے 650 سولر پینل نصب کیے گئے ہیں۔اس میں سعودی تاریخ وثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے 1320 مربع میٹر کی ایک بڑی اسکرین نصب کی جارہی ہے۔اس کے ذریعے سعودی فن کار بھی لاکھوں شرکاء کے سامنے اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔
دبئی میں ایکسپو2020ء کا اہتمام کرنے والی پیرس میں قائم تنظیم نے اسی سال مئی میں کرونا وائرس کی وَبا کے پیش نظر عالمی نمائش کو یکم اکتوبر 2021ء تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔دبئی کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے سے قبل اپنی معیشت کی نشاۃ ثانیہ کے لیے نمائش 2020ء کے انتظام وانصرام پر اربوں ڈالر صرف چکا تھا۔
اب ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق یہ عالمی نمائش یکم اکتوبر 2021ء کو شروع ہوگی اور 31مارچ 2022ء تک جاری رہے گی۔اس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے سرکاری اور نجی صنعتی ادارے ، عالمی تنظیمیں اور کاروبار حصہ لیں گے۔